وفاقی ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی کے اعداد و شمار جاری کردیئے، جس کے مطابق ملک میں مہنگائی کا دباؤ برقرار ہے اور ایک ہفتے کے دوران 51 اشیائے ضروریہ میں سے 19 کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق 9 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی جبکہ 23 کی قیمتیں مستحکم رہیں۔
پیٹرول، ڈیزل اور ایل پی جی مزید مہنگی
ہفتہ وار بنیاد پر ڈیزل کی قیمت میں 7.29 فیصد، پیٹرول میں 6.40 فیصد جبکہ ایل پی جی کی قیمت میں 3.26 فیصد اضافہ ہوا۔ لہسن اور انڈوں کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں۔
دوسری جانب ایک ہفتے کے دوران کیلے 6.17 فیصد اور ٹماٹر 5.66 فیصد سستے ہوئے، جبکہ پیاز کی قیمت میں 4.57 فیصد اور مرغی کی قیمت میں 2.33 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
سالانہ بنیاد پر بھی قیمتوں میں نمایاں اضافہ
ادارہ شماریات کے مطابق سالانہ بنیاد پر ایل پی جی کی قیمت میں 60.42 فیصد، ڈیزل میں 54.21 فیصد اور پیٹرول میں 48 فیصد اضافہ ہوا۔
کم آمدنی والے طبقے کے لیے بجلی کے نرخ سالانہ بنیاد پر 33.54 فیصد بڑھے، جبکہ آٹا 33.27 فیصد، مرچ پاؤڈر 16.37 فیصد، مٹن 15.86 فیصد اور گائے کا گوشت 12.88 فیصد مہنگا ہوا۔
رپورٹ کے مطابق سالانہ بنیاد پر آلو 35.31 فیصد، چینی 20.95 فیصد، انڈے 19.31 فیصد اور مرغی 15.26 فیصد سستی ہوئی۔ نمک اور مختلف دالوں کی قیمتوں میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی۔


.jpg)




