لانگ مارچ کے قریب اسلام آباد کے توسیع شدہ ریڈ زون کو سیل کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا، ریڈ زون کی جانب جانے والے 5 راستوں کو مکمل طور پر بند کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق پانچوں راستوں پر کنٹینرز کی 2،2 تہیں لگا کر بھاری نفری تعینات کی جائے گی، جبکہ توسیع شدہ ریڈ زون کو سیل کرنے کے بعد اسے صرف ہنگامی حالات میں کھولنے کی اجازت ہوگی۔
پولیس اہلکاروں کی چھٹیوں پر پابندی
دوسری جانب اسلام آباد میں وفاقی پولیس کے افسران اور اہلکاروں کی تمام نوعیت کی چھٹیوں پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
آئی جی اسلام آباد کی جانب سے جاری سرکلر کے مطابق اتفاقی، استحقاقی اور بیرون ملک جانے کی چھٹیوں پر پابندی ہوگی، جبکہ ہنگامی چھٹی کے علاوہ دیگر تمام چھٹیاں فوری طور پر روک دی گئی ہیں۔
چھٹی پر موجود اہلکاروں کو واپس بلانے کی ہدایت
پولیس حکام کے مطابق چھٹیوں پر موجود افسران اور اہلکاروں کو فوری طور پر ڈیوٹی پر واپس آنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اسلام آباد پولیس کی چھٹیوں پر پابندی 5 اکتوبر 2026 تک برقرار رہے گی، جبکہ سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر ریڈ زون کے داخلی راستوں پر اضافی نفری تعینات کی جائے گی۔









