2

ایرانی پاسداران انقلاب کا آبنائے ہرمز میں آئل ٹینکر پر حملہ؛ کشیدگی میں پھر اضافہ

ایران کے پاسداران انقلاب نے آبنائے ہرمز میں ٹوگو کے پرچم والے آئل ٹینکر ٹرینڈ کو نشانہ بنانے اور اسے قبضے میں لینے کا دعویٰ کیا ہے۔

ایرانی حکام کے مطابق واقعہ جمعرات کی رات پیش آیا۔ ان کا کہنا ہے کہ ٹینکر میں آگ لگنے کے بعد اسے روک لیا گیا اور جہاز نے آبنائے ہرمز سے ایران کے مقرر کردہ راستے کے برخلاف گزرنے کی کوشش کی تھی۔

پاسداران انقلاب کی بحریہ کے کمانڈر ریئر ایڈمرل علی عظمیٰ کے مطابق ٹینکر نے امریکی فوج کی ترغیب پر ایران کے مقرر کردہ راستے کے برخلاف گزرنے کی کوشش کی۔

ٹینکر پر نامعلوم پروجیکٹائل لگنے کی رپورٹ

دوسری جانب برطانوی میری ٹائم سکیورٹی ادارے نے آبنائے ہرمز میں ایک ٹینکر کو نامعلوم پروجیکٹائل سے نشانہ بنائے جانے کی اطلاع دی ہے۔ رپورٹ کے مطابق جہاز پر آگ بھڑک اٹھی تھی جسے بعد میں بجھا دیا گیا، جبکہ عملہ محفوظ رہا۔

برطانوی ادارے نے متاثرہ جہاز کا نام ظاہر نہیں کیا، اس لیے فوری طور پر یہ تصدیق نہیں ہوسکی کہ یہ وہی ٹینکر ہے جس کا ذکر ایرانی حکام نے کیا ہے۔

آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں کیلئے سکیورٹی خدشات

ایرانی حکام نے واقعے کی درست پوزیشن، استعمال کیے گئے ہتھیار اور جہاز کے عملے سے متعلق مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

برطانوی میری ٹائم ادارے نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے دیگر تجارتی جہازوں کو محتاط رہنے اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی فوری اطلاع دینے کی ہدایت کی ہے۔

یہ واقعہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث آبنائے ہرمز میں تجارتی جہاز رانی پہلے ہی متاثر ہے۔

آبنائے ہرمز خلیج فارس سے عالمی منڈیوں تک تیل اور گیس کی ترسیل کا اہم سمندری راستہ ہے، جہاں حالیہ سکیورٹی واقعات کے باعث تجارتی سرگرمیوں اور جہاز رانی کو خدشات کا سامنا ہے۔