1

پاکستان کے زرِ مبادلہ کے ذخائر تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے

پاکستان کے زرِ مبادلہ کے ذخائر تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے، ملکی ذخائر 21 ارب 40 کروڑ ڈالر کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے زرمبادلہ ذخائر میں تاریخی اضافے پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے اسے معاشی استحکام کی جانب اہم سنگِ میل قرار دیا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا ہے کہ پاکستان کی مستحکم معاشی پوزیشن سرمایہ کاری اور پائیدار معاشی ترقی کے لیے نئے مواقع پیدا کرے گی، جبکہ زرمبادلہ ذخائر میں اضافہ عالمی معاشی مشکلات کا مقابلہ کرنے کی ملکی صلاحیت کو بھی مضبوط بنائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ذخائر میں بہتری سے پاکستان کی بیرونی ادائیگیوں کی صلاحیت مزید مستحکم ہوگی اور ملکی معیشت پر اعتماد میں اضافہ ہوگا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اس پیش رفت پر وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، معاشی ٹیم اور بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔